قومی خبریں

بھارت کی جانب سے پانی روکنا خطرات پیدا کرسکتا ہے

اسلام اباد (پی کے نیوز)صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے خبردار کیا ہے کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدہ تسلیم نہ کرنا اور پانی روکنے جیسے اقدامات خطے میں سنگین نتائج پیدا کر سکتے ہیں اور علاقائی امن کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

نجی ٹی وی چینل کے مطابق صدر مملکت نے بھارت کے یکطرفہ اقدامات پر اقوام متحدہ کے ماہرین کی جاری کردہ تحقیقاتی رپورٹ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ رپورٹ میں مئی کے مہینے میں پاکستان پر ہونے والے بھارتی حملے پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا ہے، جبکہ ان اقدامات کو عالمی امن اور استحکام کے لیے خطرناک قرار دیا گیا ہے۔

صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے ماہرین کی رپورٹ پاکستان کے مؤقف کی واضح تائید کرتی ہے۔ پاکستان نے بھارتی حملے کو اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی اور اپنی خودمختاری پر براہ راست حملہ قرار دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ رپورٹ میں بھارتی حملے کے نتیجے میں شہریوں کی ہلاکتوں اور رہائشی و مذہبی مقامات کو پہنچنے والے نقصان کا بھی تفصیلی ذکر کیا گیا ہے، جو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو ظاہر کرتا ہے۔

صدر مملکت کے مطابق اقوام متحدہ کے ماہرین نے بھارتی جارحیت کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ سندھ طاس معاہدہ ایک بین الاقوامی ذمہ داری اور علاقائی استحکام کا بنیادی ستون ہے، جس کی خلاف ورزی خطے میں عدم استحکام کو جنم دے سکتی ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے رپورٹ میں سندھ طاس معاہدے سے متعلق بھارتی ہٹ دھرمی کو بے نقاب کرنے پر اقوام متحدہ کے ماہرین کو سراہا اور بھارتی جارحانہ سوچ، بیانات اور جانی نقصانات کو عالمی سطح پر اجاگر کیے جانے کو اہم پیش رفت قرار دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے