قومی خبریں

اے ٹی سی راولپنڈی میں بڑا موڑ: علیمہ خان کو شدید قانونی دھچکا، فردِ جرم کیخلاف درخواست خارج

راولپنڈی:انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی میں 26 نومبر کے مقدمے کی سماعت کے دوران علیمہ خان کو بڑا قانونی جھٹکا لگا جب عدالت نے فردِ جرم عائد کیے جانے کے خلاف دائر کی گئی درخواست مسترد کر دی۔ سماعت اے ٹی سی کے جج امجد علی شاہ نے کی۔دورانِ سماعت علیمہ خان کے وکیل فیصل ملک نے مؤقف اختیار کیا کہ فردِ جرم ملزمہ کی موجودگی کے بغیر عائد کی گئی جبکہ ملزمہ اور ان کے وکلا کو اس اہم عدالتی کارروائی کا علم میڈیا رپورٹس کے ذریعے ہوا، جو قانونی تقاضوں کے برعکس ہے۔اس کے برعکس پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے عدالت میں سخت مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ عدالت 15 اکتوبر کو ملزمان پر فردِ جرم عائد کر چکی ہے اور دو ماہ تک دفاع کو یہ کارروائی چیلنج کرنا یاد نہیں آیا۔ پراسیکیوٹر نے کہا کہ فردِ جرم کی کارروائی کو اب چیلنج کرنا ٹرائل میں دانستہ رکاوٹ ڈالنے کے مترادف ہے اور ملزمہ و ان کے وکلا جان بوجھ کر تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں۔فریقین کے تفصیلی دلائل سننے کے بعد عدالت نے علیمہ خان کی درخواست خارج کرتے ہوئے پراسیکیوشن کے مؤقف سے اتفاق کر لیا۔ عدالت نے گزشتہ سماعت پر تاخیر سے پیش ہونے پر جاری کیے گئے تمام احکامات بھی واپس لے لیے۔واضح رہے کہ عدالت نے اس سے قبل علیمہ خان کے ضمانتی مچلکے ضبط کرتے ہوئے توہینِ عدالت کا نوٹس بھی جاری کیا تھا، جس پر آج کی سماعت میں اہم پیش رفت سامنے آئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے