بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان تناؤ بدستور قائم، بھارتی شہریوں کے لیے ویزا پالیسی سخت
ڈھاکہ (پی کے نیوز)بنگلادیش کی عبوری حکومت نے بھارت کے ساتھ بڑھتی ہوئی سفارتی کشیدگی کے پیشِ نظر بھارتی شہریوں کے لیے ویزا پالیسی مزید سخت کر دی ہے، جسے نئی دہلی کے جارحانہ اور غاصبانہ رویے کا دوٹوک جواب قرار دیا جا رہا ہے۔
ڈھاکہ کی وزارتِ خارجہ کے مطابق سکیورٹی خدشات میں اضافے کے باعث بھارت میں موجود بنگلادیشی سفارتی مشنز کے ویزا سیکشنز کو مزید بند کر دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ حالات کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
وزارتِ خارجہ نے واضح کیا ہے کہ نئی ویزا پابندیاں فوری طور پر نافذ العمل ہو چکی ہیں، جن کے تحت کاروباری اور ملازمت سے متعلق ویزوں کے علاوہ تمام اقسام کے ویزے غیر معینہ مدت کے لیے معطل کر دیے گئے ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق بنگلادیش کا یہ اقدام دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید تناؤ کا سبب بن سکتا ہے، جبکہ خطے کی سفارتی صورتحال پر بھی اس کے گہرے اثرات مرتب ہونے کا امکان ہے۔

