قومی خبریں

امریکہ نے وینزویلا پر حملہ کر دیا نئی جنگ کا آغاز

کاراکاس (پی کے نیوز)جےمجنوبی امریکی ملک وینزویلا کے دارالحکومت کاراکاس میں ہفتے کی علی الصبح یکے بعد دیگرے کم از کم سات زور دار دھماکے سنے گئے، جس کے بعد شہر کے کئی حصے اندھیرے میں ڈوب گئے۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکوں کے بعد مختلف علاقوں میں دھوئیں کے گہرے بادل فضا میں بلند ہوتے دکھائی دیے جبکہ بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔
اسرائیلی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ یہ دھماکے کاراکاس کے جنوبی علاقے میں واقع ایک اہم فوجی اڈے کے قریب ہوئے۔ دھماکوں کے فوراً بعد شہر کے بڑے حصے میں بلیک آؤٹ ہو گیا، جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
عالمی خبر رساں ادارے الجزیرہ کے مطابق دھماکے مرکزی فوجی اڈے فورٹونا کے اطراف میں ہوئے، جو وینزویلا کا ایک حساس اور اسٹریٹیجک فوجی مرکز سمجھا جاتا ہے۔ دھماکوں کی آوازیں دور دور تک سنائی دیں جبکہ پورا علاقہ بجلی سے محروم ہو گیا۔
ایسوسی ایٹڈ پریس نے بھی کاراکاس میں کم از کم سات دھماکوں اور طیاروں کی نچلی پروازوں کی تصدیق کی ہے۔ روئٹرز کے مطابق عینی شاہدین نے بتایا کہ دھماکوں کے ساتھ جنگی طیاروں کی آوازیں بھی سنائی دیں اور شہر کے اوپر دھوئیں کا بڑا بادل دیکھا گیا۔
یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب امریکا اور وینزویلا کے درمیان کشیدگی اپنے عروج پر ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ماضی میں کئی بار وینزویلا میں ممکنہ زمینی کارروائیوں کا عندیہ دے چکے ہیں۔ پیر کے روز بھی انہوں نے کہا تھا کہ صدر نکولس مادورو کے لیے اقتدار چھوڑ دینا ’’دانش مندی‘‘ ہو گی۔
روئٹرز کے مطابق ٹرمپ نے نجی سطح پر مادورو پر دباؤ ڈالا کہ وہ ملک چھوڑ دیں، تاہم پینٹاگون نے حالیہ صورتحال پر فوری طور پر کوئی تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔
ادھر اطلاعات ہیں کہ امریکا نے بحیرۂ کیریبین میں بڑے پیمانے پر فوجی نقل و حرکت کر رکھی ہے، جس میں طیارہ بردار بحری جہاز، جنگی بحری جہاز اور جدید لڑاکا طیاروں کی تعیناتی شامل ہے، جس سے خطے میں ممکنہ تصادم کے خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے