قومی خبریں

نوجوانوں کی تعلیم و تربیت حکومت کی ترجیح ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی

بلوچستان (پی کے نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ معیاری تعلیم اور مضبوط کردار سازی ہی قوموں کے روشن مستقبل کی ضمانت ہوتی ہے، جبکہ والدین بچوں کی تعلیمی اور اخلاقی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے یہ بات ملٹری کالج سوئی میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران کہی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت نوجوانوں کی تعلیم و تربیت کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور اس مقصد کے لیے تعلیمی اداروں میں جدید سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

سرفراز بگٹی نے اعلان کیا کہ ملٹری کالج سوئی کی سولرائزیشن کے لیے 7 کروڑ روپے فراہم کیے جائیں گے، جبکہ کالج کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے لیے ساڑھے 12 کروڑ روپے دیے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ طلبہ کی جسمانی اور ہم نصابی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ایک آؤٹ ڈور اسپورٹس کمپلیکس تعمیر کیا جائے گا، جس کے لیے 30 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ملٹری کالج سوئی میں ایک نیا پریڈ گراؤنڈ بھی تعمیر کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے میں معیاری تعلیم، تربیت اور کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی کے ذریعے نوجوان نسل کو باصلاحیت اور باکردار شہری بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے