سہیل آفریدی سندھ کے لیے روانہ مزار قائد پر خطاب کریں گے
اسلام اباد (پی کے نیوز)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی دورہ سندھ کے لیے اسلام آباد سے روانہ ہو گئے ہیں، جہاں وہ پارٹی قیادت، صحافتی برادری اور مختلف سیاسی و سماجی حلقوں سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔
خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان کے مطابق وزیراعلیٰ کے ہمراہ صوبائی کابینہ کے اراکین اور پارٹی پارلیمنٹرینز بھی موجود ہیں، جو سندھ میں جاری سیاسی سرگرمیوں میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔
شیڈول کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی آج انصاف ہاؤس میں پارٹی قیادت سے ملاقات کے بعد کراچی پریس کلب کا دورہ کریں گے، جبکہ کل وہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے باضابطہ ملاقات کریں گے۔
دورے کے دوران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا حیدرآباد بار اور پریس کلب میں خطاب کریں گے، جبکہ اتوار 11 جنوری کو مزار قائد پر جلسہ عام سے خطاب بھی ان کے شیڈول کا حصہ ہے۔ اس کے علاوہ ہفتہ کے روز آئی ایس ایف کنونشن، سندھ کابینہ اور دیگر معزز شخصیات سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔
شفیع جان کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا یہ دورہ سندھ میں اسٹریٹ موومنٹ کو مزید منظم اور مؤثر بنانے کے لیے نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے، وہ حیدرآباد اور کوٹری میں عوامی تحریک کی براہِ راست قیادت کریں گے۔

