ڈاکٹر وردہ قتل کیس: مرکزی ملزم کے گھر سے سونا اور آلہ قتل برآمد، مزید انکشافات
ایبٹ اباد (پی کے نیوز)ایبٹ آباد میں ڈاکٹر وردہ قتل کیس میں تفتیش کے دوران اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ پولیس کے مطابق مرکزی ملزم وحید کے گھر سے تین تولے سونا برآمد کر لیا گیا ہے، جبکہ اس سے قبل ملزم کے قبضے سے ایک کروڑ 23 لاکھ روپے مالیت کے چیک بھی برآمد ہو چکے ہیں۔
انویسٹی گیشن آفیسر کے مطابق ملزمان کی نشاندہی پر آلہ قتل بھی برآمد کر لیا گیا ہے، جو کیس میں اہم شواہد تصور کیے جا رہے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کی تمام تر منصوبہ بندی وحید بلا کے گھر میں ردا اور ندیم کے ساتھ مل کر کی گئی تھی۔
مزید بتایا گیا کہ پولیس نے ملزمان کی جسمانی ریمانڈ (کسٹڈی) کے حصول کے لیے ہائی کورٹ میں اپیل دائر کر دی ہے۔ تفتیشی افسر کے مطابق کیس انتہائی حساس اور سنگین نوعیت کا ہے، اس لیے ملزمان کی کسٹڈی ناگزیر ہے تاکہ مزید شواہد اور حقائق سامنے لائے جا سکیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کیس کی تفتیش جاری ہے اور مزید اہم پیشرفت متوقع ہے۔

