قومی خبریں

یااللہ خیر! کراچی اور بلوچستان لرز اُٹھے، زلزلے کے شدید جھٹکوں سے شہریوں میں خوف و ہراس

کراچی / بلوچستان:کراچی اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکوں نے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا، جس کے باعث لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔ زلزلے کے جھٹکے اتنے شدید تھے کہ کئی علاقوں میں دفاتر اور رہائشی عمارتیں لرز اٹھیں۔کراچی کے مصروف ترین علاقوں آئی آئی چندریگر روڈ، لیاری، صدر، کلفٹن، پی ای سی ایچ ایس اور ڈی ایچ اے میں زلزلے کے جھٹکے واضح طور پر محسوس کیے گئے۔ اس کے علاوہ سائٹ ایریا، ٹیپو سلطان روڈ، پہلوان گوٹھ اور بحریہ ٹاؤن میں بھی زمین لرزنے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کے جھٹکے رات 12 بج کر 51 منٹ پر ریکارڈ کیے گئے، جن کی شدت 5.2 جبکہ گہرائی 12 کلو میٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز کراچی سے 87 کلو میٹر دور سومیانی کے قریب تھا۔زلزلے کے فوراً بعد لیاری کے علاقے نیا آباد میں ایک عمارت کے رہائشی خوفزدہ ہو کر باہر نکل آئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق ابتدائی جائزے میں عمارت کو کوئی نقصان نہیں پہنچا تاہم احتیاطی طور پر مکمل معائنہ جاری ہے۔دوسری جانب بلوچستان کے علاقوں وندر، حب، گڈانی اور سومیانی میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے مقامی آبادی میں شدید خوف پھیل گیا۔واضح رہے کہ چند گھنٹے قبل سبی اور گردونواح میں بھی زلزلہ آیا تھا جس کی شدت 3.2 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کا مرکز سبی کے جنوب مغرب میں 53 کلو میٹر دور تھا۔تاحال زلزلے کے باعث کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم متعلقہ ادارے صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے