قومی خبریں

دسمبر میں ٹیکس وصولی نے تاریخ رقم کر دی، انکم ٹیکس میں 107 فیصد زبردست اضافہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے دسمبر 2025 میں ریکارڈ ٹیکس وصولی پر ادارے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسے ملکی معیشت کے لیے مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ مقررہ اہداف کا کامیابی سے حصول اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ حکومت کی معاشی پالیسیاں درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مالی نظم و ضبط اور اصلاحاتی اقدامات کے نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔
ایف بی آر کی بریفنگ کے مطابق دسمبر 2025 میں مجموعی ٹیکس وصولی 1427 ارب روپے رہی، جو نومبر کے مقابلے میں 59 فیصد زیادہ ہے۔ رپورٹ کے مطابق انکم ٹیکس کی مد میں 107 فیصد کا غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو ماضی کی بلند ترین سطحوں میں شامل ہے۔
اسی طرح سیلز ٹیکس کی وصولی میں 25 فیصد جبکہ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی میں 6 فیصد اضافہ ہوا۔ کسٹمز ڈیوٹی سے حاصل ہونے والی آمدن 118 ارب روپے سے تجاوز کر گئی، جو درآمدات اور تجارتی سرگرمیوں میں بہتری کی نشاندہی کرتی ہے۔
وزیر خزانہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت ٹیکس نیٹ کو مزید وسیع کرے گی تاکہ ٹیکس کا بوجھ چند طبقوں تک محدود نہ رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل اصلاحات، شفاف نظام اور سخت مانیٹرنگ کے ذریعے ٹیکس چوری کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے