قومی خبریں

سونے کی قیمتوں میں اچانک دھماکہ، 4 لاکھ 60 ہزار کی نفسیاتی حد بھی ٹوٹ گئی

ملک میں سونے کی قیمت جو گزشتہ چند روز سے مسلسل کمی کا شکار تھی، آج اچانک بڑے اضافے کے ساتھ نئی تاریخ رقم کر گئی۔ 24 قیراط سونے کی قیمت میں ایک ہی دن میں 5 ہزار 700 روپے کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد فی تولہ قیمت 4 لاکھ 60 ہزار 262 روپے تک جا پہنچی۔ اس اضافے کے ساتھ ہی سونے نے 4 لاکھ 60 ہزار روپے کی نفسیاتی حد بھی عبور کر لی ہے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ، ڈالر کی قدر میں عدم استحکام اور سرمایہ کاروں کا محفوظ سرمایہ کاری کی جانب بڑھتا ہوا رجحان سونے کی قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجوہات ہیں۔
صرافہ بازاروں میں اچانک اضافے کے بعد خریداروں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے، جبکہ سرمایہ کاروں اور تاجروں میں خوشی کی لہر دیکھی جا رہی ہے۔ کاروباری حلقوں کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں اس غیر متوقع اضافے نے شادی بیاہ اور عام صارفین کے لیے سونا مزید مہنگا کر دیا ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر عالمی مالیاتی دباؤ اور مقامی معاشی غیر یقینی صورتحال برقرار رہی تو آنے والے دنوں میں سونے کی قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ موجود ہے، جس سے عام صارف کی قوتِ خرید پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے