قومی خبریں

وفاقی حکومت کا بیک وقت پنشن اور تنخواہ لینے والے ملازمین کے حوالے سے بڑا اعلان

اسلام اباد (پی کے نیوز)وفاقی حکومت نے ریٹائرمنٹ کے بعد دوبارہ ملازمت اختیار کرنے والے سرکاری ملازمین سے متعلق ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے بیک وقت پنشن اور تنخواہ لینے پر عائد پابندی کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا ہے۔

وفاقی وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق حکومت نے پنشن سے متعلق دو اہم نوٹیفکیشنز واپس لے لیے ہیں۔ ان میں پہلا نوٹیفکیشن 22 اپریل 2025 کو جاری کیا گیا تھا، جس کے تحت دوبارہ ملازمت کی صورت میں پنشن یا تنخواہ میں سے صرف ایک لینے کی شرط عائد کی گئی تھی۔
دوسرا نوٹیفکیشن 19 جون 2025 کو جاری ہوا تھا، جس میں بیک وقت پنشن اور تنخواہ لینے پر مکمل پابندی عائد کی گئی تھی۔

وزارت خزانہ کے مطابق دونوں نوٹیفکیشنز کی واپسی کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔ اس حوالے سے نیا آفس میمورنڈم تمام وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز کو بھجوا دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ یہ پابندی وفاقی حکومت کے ان پنشنرز پر لاگو کی گئی تھی جو 60 سال کی عمر کے بعد دوبارہ سرکاری ملازمت اختیار کرتے تھے۔ حکومت کے اس فیصلے سے دوبارہ ملازمت کرنے والے ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کو ریلیف ملنے کا امکان ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے