گوجر خان میں غیرت کے نام پر قتل
گجر خان (پی کے نیوز)گوجرخان کے علاقے میں غیرت کے نام پر ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔ پولیس کے مطابق مبینہ طور پر ایک شخص نے فائرنگ کر کے اپنی سگی بیٹی اور اس کے آشنا کو قتل کر دیا جبکہ اس کی بیوی شدید زخمی ہو گئی۔
واقعہ تھانہ گوجرخان کی حدود میں پیش آیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں دونوں نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی اے ایس پی سید دانیال حسن اور ایس ایچ او مرزا طیب ظہیر بیگ پولیس نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔
نعشوں اور زخمی خاتون کو ٹی ایچ کیو ہسپتال گوجرخان منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعہ کی وجوہات غیرت کے نام پر بتائی جا رہی ہیں، تاہم پولیس مختلف پہلوؤں سے معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

