دارالحکومت پیاسا، اقتدار خاموش: حافظ نعیم کا حکومت پر بڑا الزام
اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ ملک کا دارالحکومت اسلام آباد شدید پانی کے بحران کا شکار ہو چکا ہے اور شہری بنیادی ضرورت کے لیے بھی ٹینکر کے رحم و کرم پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ صورتحال حکومتی نااہلی اور ناقص منصوبہ بندی کا واضح ثبوت ہے۔حافظ نعیم الرحمان نے نشاندہی کی کہ دارالحکومت میں بڑے پیمانے پر درختوں کی کٹائی کی گئی، جس کے نتیجے میں نہ صرف ماحولیاتی توازن بگڑا بلکہ پانی کے قدرتی ذخائر بھی متاثر ہوئے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ درخت کاٹنے والوں کو اس سنگین اقدام کا جواب دینا پڑے گا۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت اور الیکشن کمیشن باہمی ملی بھگت سے ایسے اقدامات کر رہے ہیں جو جمہوری عمل کو کمزور کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب کاغذاتِ نامزدگی جمع ہو چکے تھے تو اس کے بعد نیا صدارتی آرڈیننس لانا آئینی اور جمہوری اقدار کے منافی ہے۔امیر جماعت اسلامی نے صدارتی آرڈیننس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے فیصلے شفاف انتخابات اور عوامی اعتماد کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر عوامی مسائل، بالخصوص پانی اور ماحولیات پر توجہ دے، ورنہ عوامی ردِعمل ناگزیر ہوگا۔

