اڈیالہ جیل سے عمران خان کی ورزش کرتی تصویر وائرل علیمہ خان کی تصدیق
راولپنڈی (پی کے نیوز)اڈیالہ جیل میں قید پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی ورزش کرتے ہوئے ایک تصویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی، جس نے سیاسی حلقوں اور عوام میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔وائرل تصویر میں عمران خان کو پولیس اہلکاروں کی موجودگی میں ورزش کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ تصویر سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر سوالات اٹھنے لگے کہ آیا یہ تصویر اصلی ہے یا مصنوعی ذہانت (AI) کے ذریعے تیار کی گئی ہے۔اس حوالے سے عمران خان کی بہن علیمہ خان نے واضح طور پر تصدیق کی کہ یہ تصویر حقیقی ہے اور اسے اے آئی ٹیکنالوجی سے نہیں بنایا گیا۔ علیمہ خان کی تصدیق کے بعد معاملہ ختم ہوتا دکھائی دے رہا تھا، تاہم اسی دوران مزید تصاویر سوشل میڈیا پر سامنے آ گئیں، جنہوں نے پہلی تصویر کے حوالے سے بھی شکوک و شبہات کو جنم دے دیا۔نئی تصاویر کے منظرِ عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین ایک بار پھر دو حصوں میں تقسیم ہو گئے ہیں۔ کچھ صارفین تصاویر کو جیل میں عمران خان کی بہتر صحت اور فٹنس کا ثبوت قرار دے رہے ہیں، جبکہ ناقدین ان تصاویر کے وقت، زاویے اور سیکیورٹی صورتحال پر سوال اٹھا رہے ہیں۔سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ عمران خان سے منسلک ہر تصویر اور خبر موجودہ سیاسی ماحول میں غیر معمولی اہمیت اختیار کر چکی ہے، جس کے باعث معمولی واقعات بھی بڑے تنازع کی شکل اختیار کر لیتے ہیں۔تاحال جیل حکام یا سرکاری اداروں کی جانب سے ان تصاویر کے حوالے سے کوئی باضابطہ وضاحت سامنے نہیں آئی، تاہم سوشل میڈیا پر یہ معاملہ بدستور زیرِ بحث ہے۔

