عمران خان کی کوٹھڑی کی مسلسل نگرانی پر تشویش، اقوام متحدہ کی نمائندہ کا سخت مؤقف
عمران خان (پی کے نیوز)سابق وزیراعظم عمران خان کی کوٹھڑی میں مسلسل کیمرہ نگرانی سے متعلق اطلاعات پر بین الاقوامی سطح پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ برائے تشدد ایلس جل ایڈورڈز کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی انسانی حقوق کے قانون کے تحت طویل یا غیر معینہ مدت کی تنہائی کی سزا ممنوع ہے۔
ان کے مطابق اگر کسی قیدی کو 15 دن سے زائد عرصے تک تنہائی میں رکھا جائے تو اسے نفسیاتی تشدد کی ایک شکل سمجھا جاتا ہے۔ اقوام متحدہ کے قوانین قیدیوں کے ساتھ انسانی سلوک، نجی زندگی کے احترام اور ذہنی صحت کے تحفظ پر زور دیتے ہیں۔
انسانی حقوق کے ماہرین کا کہنا ہے کہ قیدیوں کی مسلسل نگرانی، محدود سماجی رابطہ اور تنہائی ذہنی دباؤ اور نفسیاتی مسائل کا باعث بن سکتی ہے، جس پر ریاستی اداروں کو عالمی قوانین کی روشنی میں احتیاط برتنی چاہیے۔

