عمران خان کے بیٹوں کا بڑا اعلان پاکستان آنے کا فیصلہ ڈیل نہ کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد(پی کے نیوز)سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی عمران خان کے بیٹوں قاسم خان اور سلیمان خان نے جنوری میں پاکستان آ کر اپنے والد سے ملاقات کا اعلان کیا ہے۔ دونوں بھائیوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے ویزا کے لیے درخواستیں جمع کرا دی ہیں اور انہیں امید ہے کہ یہ عمل جلد مکمل ہو جائے گا۔برطانوی نشریاتی ادارے اسکائی نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے قاسم خان نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے اجازت کے بیانات سامنے آنے کے بعد انہوں نے پاکستان آنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے والد کی رہائی کے لیے ممکنہ اقدامات پر بات کرنا چاہتے ہیں۔انٹرویو کے دوران قاسم اور سلیمان نے واضح کیا کہ عمران خان کسی قسم کی ڈیل یا سمجھوتہ کرنے والے نہیں۔ سلیمان خان کا کہنا تھا کہ اگرچہ بین الاقوامی دباؤ کوئی آسان راستہ نہیں، تاہم موجودہ صورتحال میں تبدیلی لانے کے لیے یہ ایک مؤثر ذریعہ ثابت ہو سکتا ہے۔قاسم خان نے خدشہ ظاہر کیا کہ حالات مزید خراب ہوتے جا رہے ہیں اور انہیں خوف ہے کہ شاید وہ اپنے والد کو دوبارہ نہ دیکھ سکیں۔ دونوں بھائیوں نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ وہ دادی کے انتقال کے بعد سے اپنے والد سے بات نہیں کر سکے۔

