کیا عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ پر پابندی عائد ہوگی فیصلہ عدالت کرے گی درخواست منظور
راولپنڈی (پی کے نیوز)بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر مبینہ پابندی کے خلاف دائر درخواست کی سماعت لاہور ہائی کورٹ میں 21 جنوری کو ہوگی۔
یہ درخواست وکیل غلام مرتضیٰ خان کی جانب سے دائر کی گئی ہے، جس پر لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر سماعت کریں گے۔ رجسٹرار آفس نے کیس کی سماعت کے لیے 21 جنوری کی کاز لسٹ بھی جاری کر دی ہے۔
عدالتی ریکارڈ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی جانب سے تاحال اس درخواست پر جواب جمع نہیں کروایا جا سکا۔ گزشتہ سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے پاکستان بار کونسل کے انتخابات کے باعث سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی تھی، جسے عدالت نے منظور کیا تھا۔
عدالت کے حکم پر سپریٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے بانی پی ٹی آئی کے ایکس اکاؤنٹ سے متعلق تحریری جواب عدالت میں جمع کروایا، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ عمران خان کا ایکس اکاؤنٹ جیل سے آپریٹ نہیں کیا جا رہا۔
درخواست گزار غلام مرتضیٰ خان کی جانب سے آئندہ سماعت پر بیرسٹر ظفر اللہ عدالت میں پیش ہوں گے۔

