جعلی ڈگریوں کا انکشاف بھارت کی دنیا بھر میں رسوائی
بھارت میں جعلی ڈگریوں کے ذریعے امریکی ویزے حاصل کروانے اور بیرونِ ملک ملازمتوں کے نام پر عوام کو لوٹنے والے ایک منظم نیٹ ورک کا پردہ فاش ہو گیا ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس مکروہ دھندے میں ملوث متعدد افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ تحقیقات نے چونکا دینے والے انکشافات سامنے لائے ہیں۔
بھارتی جریدے دی کمیون کی رپورٹ کے مطابق ریاست کیرالا میں کام کرنے والا یہ نیٹ ورک تقریباً 100 کروڑ روپے کی غیر قانونی کمائی میں ملوث تھا۔ نیٹ ورک پورے بھارت میں سرگرم رہا اور اب تک 10 لاکھ سے زائد جعلی ڈگریاں فراہم کر چکا ہے، جنہیں امریکی H-1B ویزا اور بیرونِ ملک نوکریوں کے لیے استعمال کیا جاتا رہا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پولیس چھاپے کے دوران مرکزی ملزم دھنیش عرف ڈینی اپنے گھر میں جعلی ڈگریوں کی پرنٹنگ میں مصروف تھا۔ کارروائی کے دوران 22 یونیورسٹیوں کے ایک لاکھ سے زائد جعلی سرٹیفکیٹس، 28 جامعات کی جعلی مہریں اور جعلی مارک شیٹس برآمد کی گئیں۔
تحقیقات کے مطابق یہ گروہ نہ صرف بھارت کے مختلف صوبوں میں سرگرم تھا بلکہ بیرونِ ملک بھی اپنے روابط کے ذریعے جعلی تعلیمی دستاویزات فراہم کرتا رہا۔ ماہرین کے مطابق اس اسکینڈل نے بھارتی تعلیمی نظام، ویزا پراسیس اور سرکاری نگرانی پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

