اسلام آباد: بارہ کہو میں گھر پر مسلح حملہ، دو خواتین جاں بحق، ایک شدید زخمی
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے بارہ کہو کی یونین کونسل راجگان ایک ہولناک فائرنگ کے واقعے سے لرز اٹھی، جہاں نامعلوم مسلح افراد نے رات گئے ایک گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں دو خواتین موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں جبکہ ایک خاتون شدید زخمی ہو گئی۔پولیس ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والی خواتین کی شناخت 30 سالہ اسما اور 35 سالہ کوثر کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ زخمی خاتون صائمہ بی بی کو تشویشناک حالت میں قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق زخمی خاتون کی حالت نازک ہے اور انہیں انتہائی نگہداشت وارڈ میں رکھا گیا ہے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ بھارہ کہو کی پولیس بھاری نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچی، علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے گئے اور فرانزک ٹیم کو بھی طلب کر لیا گیا۔ پولیس نے گھر اور اطراف کے علاقوں کی تلاشی شروع کر دی ہے جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیجز کے حصول کی کوششیں بھی جاری ہیں۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں، جن میں ذاتی دشمنی، خاندانی تنازع اور دیگر ممکنہ محرکات شامل ہیں۔ تاہم تاحال واقعے کی اصل وجہ اور حملہ آوروں کی شناخت سامنے نہیں آ سکی۔ پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا

