قومی خبریں

کچہری چوک منصوبے کے مکمل ہونے نئی تاریخ

راولپنڈی (پی کے نیوز)راولپنڈی کے مصروف ترین کچہری چوک پر جاری ترقیاتی منصوبے کی تکمیل کے لیے انتظامیہ نے نئی ڈیڈ لائن مقرر کر دی ہے۔ حکام کے مطابق منصوبے کو اب 31 مئی تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس کے لیے تعمیراتی کام کی رفتار مزید تیز کر دی گئی ہے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کچہری چوک ری ماڈلنگ منصوبہ مجموعی طور پر تقریباً 14 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا جا رہا ہے۔ منصوبے کے تحت فلائی اوور، انڈر پاس اور سڑکوں کی بہتری کے کام شامل ہیں تاکہ شہر میں بڑھتے ہوئے ٹریفک دباؤ کو کم کیا جا سکے۔

یہ منصوبہ امّار چوک سے موٹروے چوک تک سگنل فری کوریڈور کا ایک اہم حصہ ہے، جس کی تکمیل کے بعد راولپنڈی اور اسلام آباد کے درمیان ٹریفک کی روانی میں نمایاں بہتری متوقع ہے۔

حکام کے مطابق منصوبے کے تحت جناح پارک (سابق بھٹو پارک) میں 1.6 ارب روپے کی لاگت سے ایک جدید پارکنگ پلازہ بھی تعمیر کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد عدالتوں اور قریبی علاقوں میں پارکنگ کے دیرینہ مسئلے کا حل فراہم کرنا ہے۔

منصوبے کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کے لیے انتظامیہ نے تعمیراتی عملے کو ڈبل شفٹ میں کام کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں، تاکہ معیار پر سمجھوتہ کیے بغیر منصوبہ جلد از جلد مکمل کیا جا سکے۔
حکام کے مطابق منصوبے کی تکمیل کے بعد کچہری چوک اور اس سے ملحقہ علاقوں میں ٹریفک جام میں واضح کمی آئے گی اور شہریوں کو روزمرہ آمدورفت میں سہولت حاصل ہوگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے