سندھ حکومت کا عوام کے لیے نئی بس سروس کا انعقاد
کراچی (پکی نیوز) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے کراچی میں ڈبل ڈیکر بس سروس کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب کے دوران حکام نے سینئر وزیر کو نئی بسوں کی خصوصیات، روٹس اور سہولیات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ حکومت نے عوام سے ڈبل ڈیکر بسیں چلانے کا وعدہ کیا تھا، جسے آج عملی شکل دے دی گئی ہے۔ ان کے مطابق حکومت ایسے منصوبے متعارف کرا رہی ہے جن سے زیادہ سے زیادہ شہری مستفید ہو سکیں۔
انہوں نے بتایا کہ ڈبل ڈیکر بس سروس کا ابتدائی روٹ 22 کلومیٹر طویل ہے، جو ملیر سے شارع فیصل تک محیط ہوگا۔ بسوں کا کرایہ 80 سے 120 روپے مقرر کیا گیا ہے، جبکہ عوامی سہولت کیلئے کرایوں میں سبسڈی بھی دی جا رہی ہے۔
سینئر وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ آنے والے وقت میں کراچی کی تمام بڑی سڑکوں پر ڈبل ڈیکر بسیں نظر آئیں اور نئے سال کے دوران سندھ بھر میں ٹرانسپورٹ کی سہولیات کو مزید وسعت دی جائے۔
شرجیل میمن نے مزید بتایا کہ پیپلز بس سروس سے روزانہ ایک لاکھ سے زائد افراد سفر کر رہے ہیں، جبکہ گرین لائن بس سروس پر یومیہ 65 ہزار مسافر مستفید ہو رہے ہیں۔ ان کے مطابق ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے پر بھی دوبارہ کام شروع کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کی سڑکوں کی بہتری کیلئے تمام ادارے مل کر کام کر رہے ہیں، صنعتی علاقوں کیلئے 9 ارب روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے، جبکہ شاہراہ بھٹو کو جدید اور اسٹیٹ آف دی آرٹ منصوبے کے طور پر عوام کیلئے پیش کیا گیا ہے۔

