ٹک ٹاکرز رجب بٹ اور ندیم نانی والا کو بڑا ریلیف، گرفتاری سے بچ گئے
لاہور (پی کے نیوز)لاہور کی سیشن کورٹ نے جوئے کی ایپ کی تشہیر کے مقدمے میں معروف ٹک ٹاکرز رجب بٹ اور ندیم مبارک (ندیم نانی والا) کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں 6 جنوری تک گرفتاری سے روکنے کا حکم دے دیا ہے۔
ایڈیشنل سیشن جج منصور احمد قریشی نے عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی، جس کے دوران رجب بٹ کے وکیل میاں علی اشفاق عدالت میں پیش ہوئے۔ سماعت کے بعد عدالت نے دونوں ملزمان کو تفتیش میں شامل ہونے کی ہدایت جاری کی۔
عدالت کو بتایا گیا کہ رجب بٹ اسلام آباد ہائی کورٹ سے پہلے ہی ضمانت حاصل کر چکے ہیں، جہاں سے انہیں سیشن کورٹ میں پیش ہونے کی ہدایت دی گئی تھی۔ فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے دونوں ٹک ٹاکرز کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے 6 جنوری تک برقرار رکھنے کا حکم دیا۔
عدالت نے واضح کیا کہ مقدمے کی مزید سماعت مقررہ تاریخ کو کی جائے گی۔ رجب بٹ نے ایک جبکہ ندیم نانی والا نے این سی سی آئی اے کے دو مقدمات میں بیرسٹر میاں علی اشفاق کے ذریعے ضمانت کی درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔

