Uncategorizedقومی خبریں

سرکاری ملازمین کے خلاف سخت کارروائی ملازمین کو فارغ کرنے کا حکم جاری

لاہور (پی کے نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عوام کو گمراہ کرنے اور سرکاری ذمہ داریوں میں غفلت برتنے والے افسران کے خلاف سخت ایکشن لینے کا اعلان کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی ناقص کارکردگی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر ملازمت سے برطرفی اور جیل بھیجنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عوام کو سستی روٹی اور آٹے کی فراہمی حکومت کا اولین عزم ہے اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو ریلیف دینا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ وہ خود پھل اور سبزی منڈیوں کے سرپرائز دورے کریں گی تاکہ اشیائے خورونوش کی قیمتوں پر کنٹرول یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے وزیر زراعت، معاون خصوصی، ڈی جی فوڈ اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے آف سیزن سبزیوں کی پیداوار کے لیے جدید زرعی طریقے اپنانے کی ہدایت بھی کی۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ نے مارکیٹ کمیٹیوں میں پبلک سروس کمیشن کے ذریعے میرٹ پر سیکریٹریز کی بھرتی کی منظوری بھی دے دی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب میں مافیا کلچر کا خاتمہ کر دیا گیا ہے اور اب کسی کو عوام کا استحصال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کے مطابق پنجاب میں ہونے والے ترقیاتی اور اصلاحاتی اقدامات دیگر صوبوں کے لیے مثال بن چکے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے