دودھ ابلانے کا نیا طریقہ متعارف، ابلتے وقت دودھ گرنے کا مسئلہ ختم
حیدراباد (پی کے نیوز )دودھ ہر گھر کی بنیادی ضرورت ہے، مگر اسے ابالتے وقت اُبل کر برتن سے باہر گر جانا ایک عام مسئلہ بن چکا ہے۔ معمولی سی توجہ ہٹنے پر دودھ کا ضائع ہونا نہ صرف مالی نقصان کا باعث بنتا ہے بلکہ باورچی خانے میں گندگی بھی پھیلا دیتا ہے۔ تاہم اب اس روزمرہ مسئلے کا ایک مؤثر اور آسان حل سامنے آ گیا ہے۔
بھارتی شہر حیدرآباد دکن کے 13 سالہ ہونہار طالبعلم ویدت نے صرف 1500 روپے کی لاگت سے ایک ایسا آلہ تیار کیا ہے جو دودھ کے اُبلنے سے پہلے ہی خبردار کر دیتا ہے۔ اس جدید آلے کو "ملک اوور فلو ڈیٹیکٹر” کا نام دیا گیا ہے۔
یہ آلہ آئی آر (Infrared) سینسر ٹیکنالوجی پر مبنی ہے، جو دودھ کے اُبال کے دوران پیدا ہونے والی حرارتی تبدیلیوں کو فوراً محسوس کر لیتا ہے۔ جیسے ہی دودھ حدِ مقررہ کے قریب پہنچتا ہے، سینسر سگنل جاری کرتا ہے اور ساتھ نصب بزر بج اُٹھتا ہے، جس سے باورچی خانے میں موجود افراد بروقت خبردار ہو جاتے ہیں۔
اس ایجاد کی خاص بات یہ ہے کہ یہ آلہ بجلی کے بغیر بھی کام کرتا ہے اور موبائل پاور بینک کے ذریعے چلایا جا سکتا ہے، جس کی بدولت لوڈشیڈنگ کے دوران بھی اس کی کارکردگی متاثر نہیں ہوتی۔
کم لاگت، سادہ ڈیزائن اور عملی افادیت کے باعث یہ ایجاد گھریلو زندگی کو آسان بنانے میں ایک اہم قدم قرار دی جا رہی ہے۔

