کے پی میں امن کی جیت، فتنہ الہندوستان کو کاری ضرب
وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈیرہ اسماعیل خان میں تین بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے جوانوں کی بہادری، پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور جرات مندانہ کارروائی کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سی ٹی ڈی نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا اور ان کے مذموم عزائم کو مکمل طور پر ناکام بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں قیامِ امن کے لیے سی ٹی ڈی سمیت تمام سیکیورٹی فورسز کی کامیابیاں قابلِ تحسین ہیں، جو دن رات اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر عوام کے تحفظ کو یقینی بنا رہی ہیں۔محسن نقوی نے واضح کیا کہ حکومت پاکستان دہشتگردی کے ناسور، خصوصاً فتنہ الہندوستان کے مکمل خاتمے تک فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک دشمن عناصر کو کسی صورت امن و سلامتی سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور دہشتگردی کے خلاف جنگ منطقی انجام تک پہنچائی جائے گی۔وزیر داخلہ نے کہا کہ سیکیورٹی اداروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور قوم کو اپنے بہادر جوانوں پر فخر ہے، جو پاکستان کے امن اور استحکام کے لیے فرنٹ لائن پر ڈٹے ہوئے ہیں۔

