قومی خبریں

نئے سال کے آغاز پر کسی قسم کی غیر قانونی سرگرمی برداشت نہیں کی جائے گی

اسلام اباد (پی کے نیوز)راولپنڈی میں نیو ایئر نائٹ کے موقع پر آتش بازی، ہوائی فائرنگ، ون ویلنگ اور ہلڑبازی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اے ایس پی سید دانیال حسن کا کہنا ہے کہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور پولیس فوری طور پر قانون کے مطابق کارروائی کرے گی۔
انہوں نے بتایا کہ سی پی او راولپنڈی خالد محمود ہمدانی کی خصوصی ہدایات پر نیو ایئر نائٹ کے دوران شراب نوشی، ہوائی فائرنگ، غیر اخلاقی محفلیں سجانے اور عوامی امن میں خلل ڈالنے والے عناصر کے خلاف نہ صرف مقدمات درج کیے جائیں گے بلکہ سنگین نوعیت کے کیسز میں دہشت گردی کی دفعات کے تحت ایف آئی آر بھی کاٹی جائے گی۔
اے ایس پی دانیال حسن نے واضح کیا کہ ایسی پارٹیاں اور تقریبات جن سے شہریوں کی جان و مال کو خطرہ ہو، ان کے منتظمین کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے والدین سے خصوصی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے بچوں کو ون ویلنگ، غیر قانونی تقریبات اور غیر ذمہ دارانہ سرگرمیوں سے دور رکھیں، کیونکہ قانون شکنی کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
پولیس حکام کے مطابق نیو ایئر نائٹ پر شہر بھر میں سکیورٹی انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں تاکہ امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے