پاکستان نے بھارت کو شکست دے کر ایشیا کپ اپنے نام کر لیا
ایشیا کپ انڈر نائنٹین کے فائنل میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو عبرتناک شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ 348 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں بھارتی انڈر 19 ٹیم دباؤ برداشت نہ کر سکی اور صرف 156 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔پاکستانی باؤلرز نے ابتدا ہی سے بھارتی بیٹنگ لائن کو جکڑ لیا۔ ایک کے بعد ایک وکٹ گرنے سے بھارتی ٹیم سنبھل نہ سکی اور پوری اننگز میں کوئی خاطر خواہ شراکت قائم نہ ہو سکی۔ گرین شرٹس کی شاندار باؤلنگ کے سامنے بھارتی بلے باز بے بس نظر آئے۔اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، جو مکمل طور پر درست ثابت ہوا۔ نوجوان شاہینوں کی جارحانہ اور ذمہ دار بیٹنگ نے اسکور بورڈ پر 348 رنز سجا دیے، جو فائنل جیسے بڑے مقابلے میں بھارت کے لیے ناقابلِ عبور ثابت ہوا۔اس شاندار فتح کے ساتھ ہی پاکستان نے ایشیا کپ انڈر نائنٹین کی ٹرافی اپنے نام کر لی، جبکہ میدان میں قومی پرچم سربلند اور شائقینِ کرکٹ جشن میں ڈوب گئے۔

