انڈر 19 ایشیا کپ: پاکستان نے بھارت کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کر لیا
انڈر 19 ایشیا کپ کے ایک سنسنی خیز مقابلے میں پاکستان انڈر 19 ٹیم نے روایتی حریف بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ میچ کے آغاز سے قبل گفتگو کرتے ہوئے پاکستان انڈر 19 ٹیم کے کپتان فرحان یوسف نے کہا کہ بھارت کے خلاف میچ کو کسی قسم کے دباؤ کے بغیر کھیلیں گے اور ٹیم مکمل اعتماد کے ساتھ میدان میں اتری ہے۔کپتان فرحان یوسف کا کہنا تھا کہ انڈر 19 سطح پر کھلاڑیوں کی ذہنی مضبوطی انتہائی اہم ہوتی ہے اور خوشی ہے کہ ٹیم کے تمام کھلاڑی پراعتماد ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مقابلہ سخت ضرور ہے مگر ٹیم نے اچھی تیاری کر رکھی ہے اور ہر کھلاڑی اپنی ذمہ داری سے آگاہ ہے۔فرحان یوسف نے مزید بتایا کہ ٹیم کمبی نیشن کو مدنظر رکھتے ہوئے اسکواڈ میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، جس کا مقصد ٹیم کو مزید متوازن بنانا ہے۔ کپتان کے مطابق فیلڈنگ کا فیصلہ پچ اور موسمی حالات کو دیکھتے ہوئے کیا گیا ہے اور توقع ہے کہ بولرز ابتدائی اوورز میں دباؤ ڈالنے میں کامیاب ہوں گے۔انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلے کو شائقین کی جانب سے غیرمعمولی دلچسپی حاصل ہے۔ دونوں ٹیمیں ایونٹ میں مضبوط دعویدار سمجھی جا رہی ہیں اور یہ میچ ٹورنامنٹ کے نتائج پر گہرا اثر ڈال سکتا ہے۔ پاکستانی ٹیم کی نظریں بھارت کو کم اسکور پر محدود کر کے ہدف کے تعاقب میں کامیابی حاصل کرنے پر مرکوز ہیں۔

