وزیراعلیٰ مریم نواز کا انقلابی ’پرواز کارڈ‘ , ویزا، ٹکٹ اور میڈیکل اخراجات حکومت ادا کرے گی
لاہور:
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نوجوانوں کے روشن مستقبل کی جانب ایک اور بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ’پرواز کارڈ پروگرام‘ کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے، جسے حکومتی حلقے ایک تاریخی اور انقلابی اقدام قرار دے رہے ہیں۔
اس پروگرام کے تحت پنجاب بھر کے ایک لاکھ باصلاحیت مگر مالی وسائل سے محروم نوجوانوں کو بلا سود مالی معاونت فراہم کی جائے گی، تاکہ وہ بیرونِ ملک ملازمت کے حصول کے لیے درکار ویزا فیس، میڈیکل ٹیسٹ اور ایئر ٹکٹ جیسے اخراجات آسانی سے پورے کر سکیں۔
پرواز کارڈ پروگرام خاص طور پر ان نوجوانوں کے لیے متعارف کرایا گیا ہے جن کے پاس کسی غیر ملکی کمپنی یا ادارے کی باقاعدہ جاب آفر موجود ہے۔ درخواستوں کی جانچ پڑتال جدید اور شفاف ڈیجیٹل نظام کے ذریعے کی جائے گی، تاکہ مالی امداد صرف مستحق اور اہل امیدواروں تک پہنچ سکے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا کہ نوجوان پاکستان کا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کی کامیابی ہی ملک کی اصل کامیابی ہے۔ حکومت ہر اس نوجوان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے جو ہنر، محنت اور لگن کے ساتھ آگے بڑھنا چاہتا ہے۔
ماہرین کے مطابق پرواز کارڈ پروگرام سے نہ صرف صوبے میں بیروزگاری کی شرح میں کمی آئے گی بلکہ ترسیلاتِ زر میں اضافے کے ذریعے قومی معیشت کو بھی استحکام حاصل ہوگا۔ حکومت نے نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ بروقت رجسٹریشن مکمل کریں اور اس سنہری موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔

