پی آئی اے کی دو ایئر ہوسٹس آپس میں ہی لڑ پڑیں
جدہ(پی کے نیوز) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی جدہ سے ملتان جانے والی پرواز اس وقت خبروں کی زینت بن گئی جب دو خواتین فضائی میزبانوں کے درمیان شدید جھگڑا ہوگیا۔ واقعہ جدہ ایئرپورٹ کے انٹرنیشنل ڈیپارچر لاؤنج میں پیش آیا، جہاں معمولی تلخ کلامی دیکھتے ہی دیکھتے ہاتھا پائی میں تبدیل ہوگئی۔
عینی شاہدین کے مطابق دونوں ایئرہوسٹس کے درمیان پہلے سخت جملوں کا تبادلہ ہوا، جس کے بعد ماحول کشیدہ ہوگیا اور بات جسمانی تصادم تک جا پہنچی۔ موقع پر موجود قومی ایئرلائن کے افسران نے فوری مداخلت کرتے ہوئے صورتحال کو قابو میں کیا۔
ترجمان پی آئی اے نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ افسوسناک واقعہ 23 دسمبر کو پیش آیا۔ انتظامیہ نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سخت نوٹس لیتے ہوئے دونوں فضائی میزبانوں کو معطل کر دیا ہے جبکہ معاملے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔

