پنڈی گھیب میں چار سال بعد سرکاری کارروائی، دھبولہ کی زمین قبضہ گروہ سے چھڑالی گئی
پنڈی گھیب (پی کے نیوز)پنجاب کی وزیرِ اعلیٰ محترمہ مریم نواز کے خصوصی احکامات پر قبضہ گروپوں کے خلاف جاری مہم میں اہم کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ پنڈی گھیب کے نواحی علاقے دھبولہ میں وہ زمین واگزار کرا لی گئی جس پر گزشتہ چار سال سے قبضہ مافیا نے غیر قانونی طور پر ڈیرے ڈال رکھے تھے۔سرکاری معلومات کے مطابق، دھبولہ کی ایک متاثرہ خاتون نے متعدد بار شکایات درج کروائیں تھیں کہ اس کی ملکیتی زمین کو ناجائز طور پر ہتھیا لیا گیا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ کے ہدایت کردہ پروگرام کے تحت اسسٹنٹ کمشنر پنڈی گھیب اور چوکی انچارج ملہوالی حبیب الرحمان پولیس ٹیم کے ساتھ موقع پر پہنچے، جہاں فوری کارروائی کرتے ہوئے زمین کو قبضہ گروہ سے خالی کروایا گیا۔انتظامیہ نے موقع پر صورتحال کا جائزہ لیا اور زمین اصل مالکان کے حوالے کر دی گئی۔ متاثرہ خاتون نے بروقت اقدام پر وزیرِ اعلیٰ مریم نواز شریف، ڈی پی او اٹک اور ڈی ایس پی پنڈی گھیب کا خصوصی شکریہ ادا کیا، ان کے مطابق یہ مسئلہ سالوں سے حل طلب تھا جس کا خاتمہ حکومت کی مداخلت سے ممکن ہوا۔ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ قبضہ مافیا کے خلاف کارروائیاں بغیر کسی امتیاز کے جاری رہیں گی اور عوامی درخواستوں پر فوری اور مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

