وزیرِ اعظم کی جانب سے عابد شیر علی کو بلا مقابلہ کامیابی پر مبارکباد
اسلام آباد:وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما عابد شیر علی کو سینیٹ انتخابات میں بلا مقابلہ کامیابی پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد دی ہے۔ وزیرِ اعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ "اللہ کے فضل و کرم سے مسلم لیگ (ن) کو عوامی خدمت کی بدولت ہر محاذ پر فتح نصیب ہو رہی ہے۔”انہوں نے مزید کہا کہ عابد شیر علی کی سینیٹ میں آمد پارٹی قیادت کے وژن اور عوام کے اعتماد کا ثبوت ہے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وہ امید رکھتے ہیں کہ عابد شیر علی سینیٹ میں قائد محمد نواز شریف کی رہنمائی میں ملکی ترقی، استحکام اور عوامی فلاح کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا بنیادی ایجنڈا عوام کی خدمت اور ملک کو معاشی و سیاسی استحکام دینا ہے، اور عابد شیر علی کی کامیابی اسی ایجنڈے کا تسلسل ہے۔

