کسان حکومت کی پہلی ترجیح قرار، وزیراعظم شہباز شریف کا زرعی برآمدات میں انقلاب کا اعلان
اسلام آباد میں زرعی برآمدات کے فروغ کے لیے قائم نجی شعبے کے ماہرین پر مشتمل ورکنگ گروپ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا کہ کسانوں کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ زراعت ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور کسان کی ترقی کے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت زراعت کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالنے کے لیے جامع اور مؤثر حکمتِ عملی پر کام کر رہی ہے، جس کے تحت کسانوں کو جدید زرعی طریقوں، جدید ٹیکنالوجی اور معیاری پیداواری نظام سے متعارف کرایا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد پاکستان کی زرعی مصنوعات کو عالمی منڈیوں میں مؤثر مقابلے کے قابل بنانا ہے۔
شہباز شریف نے بتایا کہ وفاقی حکومت اپنے آئینی دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے زرعی اصلاحات پر عمل درآمد کر رہی ہے جبکہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ قریبی تعاون کے ذریعے زرعی شعبے میں پائیدار ترقی کو یقینی بنایا جائے گا۔ اجلاس میں زرعی برآمدات میں اضافے، معیار کی بہتری اور عالمی منڈیوں تک رسائی کے لیے نجی شعبے کے کلیدی کردار پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔

