وزیراعظم شہباز شریف کا دوٹوک پیغام آسٹریلیا کے ہائی کمشنر سے اہم ملاقات میں بڑے فیصلے
اسلام آباد:وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے آسٹریلیا کے نومنتخب ہائی کمشنر ٹم کین نے اہم ملاقات کی، جس میں خطے اور دنیا کو درپیش سکیورٹی چیلنجز، دہشتگردی کے خلاف مشترکہ جدوجہد اور دوطرفہ تعاون کے نئے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے ہائی کمشنر ٹم کین کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے آسٹریلیا کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم نے سڈنی اور بونڈائی بیچ میں ہونے والے دہشتگرد حملوں میں معصوم جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے واضح اور دوٹوک الفاظ میں کہا کہ”پاکستان دہشتگردی کی ہر شکل کی شدید مذمت کرتا ہے، یہ بزدلانہ کارروائیاں انسانیت کے خلاف جرم ہیں۔ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے عالمی برادری کو اجتماعی اور فیصلہ کن اقدامات کرنا ہوں گے۔”ملاقات میں وزیراعظم نے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے کی اشد ضرورت ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے زراعت اور لائیو اسٹاک کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ان شعبوں میں آسٹریلیا کے تجربے سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے معدنیات اور کان کنی کے شعبے میں آسٹریلوی سرمایہ کاری اور دلچسپی کا بھی خیر مقدم کیا۔وزیراعظم نے آسٹریلیا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی تارکین وطن دونوں ممالک کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کر رہے ہیں اور پاکستان کا روشن چہرہ دنیا کے سامنے پیش کر رہے ہیں۔سفارتی حلقوں کے مطابق یہ ملاقات پاکستان اور آسٹریلیا کے تعلقات میں نئی پیش رفت، مضبوط شراکت داری اور اسٹریٹجک تعاون کی واضح علامت ہے۔

