قومی خبریں

حکومت اور پی ٹی آئی میں برف پگھلنے لگی؟ وزیراعظم شہباز شریف کا مذاکرات کے لیے بڑا گرین سگنل

اسلام آباد میں جاری سیاسی تناؤ کے دوران ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں وزیراعظم شہباز شریف نے حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان ممکنہ مذاکرات کے لیے مثبت اشارہ دے دیا ہے۔ باخبر ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو مذاکرات پر اصولی آمادگی سے آگاہ کر دیا ہے، جس کے بعد حکومتی حلقوں میں بات چیت کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات صرف پی ٹی آئی کے منتخب پارلیمانی نمائندوں تک محدود ہوں گے، جبکہ غیر منتخب یا پارلیمنٹ سے باہر شخصیات کو اس عمل کا حصہ نہیں بنایا جائے گا۔ حکومت کا مؤقف ہے کہ بات چیت آئین اور پارلیمانی دائرہ کار کے اندر رہ کر ہی کی جائے گی۔
دوسری جانب اسپیکر قومی اسمبلی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ تاحال پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کی جانب سے مذاکرات کے لیے کوئی باضابطہ رابطہ نہیں کیا گیا۔ اس کے باوجود سردار ایاز صادق نے پارلیمانی کمیٹی کو فعال رکھا ہوا ہے اور اپوزیشن کی رضامندی کی صورت میں فوری اجلاس بلانے کا عندیہ دیا ہے۔
پارلیمانی ذرائع کے مطابق اسپیکر نے اپوزیشن کو اپنے چیمبر میں باضابطہ دعوت دے رکھی ہے، تاہم پی ٹی آئی کی جانب سے اس پر اب تک خاموشی برقرار ہے۔ سیاسی مبصرین اس صورتحال کو نہایت اہم مرحلہ قرار دے رہے ہیں، جہاں اپوزیشن کا اگلا فیصلہ ملکی سیاست کی سمت کا تعین کر سکتا ہے۔
یاد رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی اور تحریک انصاف کے درمیان آخری رابطہ محمود خان اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر نامزد کرنے کے معاملے پر ہوا تھا۔ موجودہ حالات میں اگر مذاکرات کا آغاز ہوتا ہے تو اسے سیاسی کشیدگی میں کمی اور مفاہمت کی جانب بڑا قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے