پاکستان سپر لیگ پہلی بار نیویارک پہنچ گئی، عالمی سرمایہ کاروں کی توجہ حاصل کرنے کیلئے تاریخی روڈ شو
پاکستان سپر لیگ(پی کے نیوز) نے اپنی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کرتے ہوئے پہلی بار امریکا کے شہر نیویارک میں بین الاقوامی روڈ شو کا انعقاد کیا۔ اس اہم ایونٹ میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی، پی ایس ایل کی اعلیٰ انتظامیہ، سابق و موجودہ قومی کرکٹرز اور عالمی سرمایہ کاروں نے شرکت کی۔نیویارک روڈ شو میں قومی مینز کرکٹ ٹیم کے چھ نمایاں کھلاڑی سلمان علی آغا، ابرار احمد، فہیم اشرف، صائم ایوب، شان مسعود اور سعود شکیل شریک ہوئے، جنہوں نے پی ایس ایل کی عالمی مقبولیت اور پاکستان کرکٹ کے روشن مستقبل پر روشنی ڈالی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکا میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ عالمی سطح پر ایک مضبوط برانڈ بن کر ابھر رہی ہے اور پاکستان کرکٹ کی بہتری میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کھیل سفارتکاری کا مؤثر ذریعہ ہیں جو مختلف ثقافتوں کو ایک دوسرے کے قریب لاتے ہیں۔پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر نے کہا کہ کرکٹ کا ذکر آتے ہی شائقین کا جنون بڑھ جاتا ہے اور کھیلوں کے ذریعے دنیا بھر کے ممالک ایک دوسرے کے قریب آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل اب پاکستان کرکٹ کی شناخت بن چکی ہے اور عالمی معیار کی کرکٹ لیگ کے طور پر اپنا مقام بنا چکی ہے، جو شائقین کو معیاری تفریح فراہم کر رہی ہے۔لیجنڈری کرکٹر وسیم اکرم نے کہا کہ پی ایس ایل کی کامیابی میں سب کی مشترکہ محنت شامل ہے اور لیگ مقامی ٹیلنٹ کو آگے بڑھنے کے بہترین مواقع فراہم کر رہی ہے، جس سے پاکستانی شائقین کرکٹ کو اعلیٰ معیار کی تفریح میسر آ رہی ہے۔سابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے کہا کہ پی ایس ایل سے پاکستان کرکٹ کو فروغ ملا ہے اور نوجوان کھلاڑیوں کو عالمی کرکٹرز کے ساتھ کھیلنے کا قیمتی موقع مل رہا ہے۔ انہوں نے اس کامیابی کو پورے پاکستان کیلئے باعثِ فخر قرار دیا۔پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پی سی بی اور پی ایس ایل کی انتظامیہ مشترکہ طور پر پاکستان کرکٹ کی بہتری کیلئے کام کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کو ملنے والے انعامات ان کی حوصلہ افزائی کا باعث بنتے ہیں جبکہ پی ایس ایل میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو خاطر خواہ فائدہ حاصل ہوتا ہے۔ انہوں نے قومی کرکٹرز کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل نوجوان ٹیلنٹ کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے کا بہترین پلیٹ فارم فراہم کر رہی ہے۔واضح رہے کہ پی ایس ایل کے یہ بین الاقوامی روڈ شوز پاکستان کرکٹ بورڈ کی عالمی حکمتِ عملی کا حصہ ہیں، جن کا بنیادی مقصد 6 جنوری 2026 کو دو نئی فرنچائزز کی نیلامی کیلئے عالمی سرمایہ کاروں کو راغب کرنا اور لیگ کی تجارتی اہمیت، عالمی مقبولیت اور طویل مدتی ترقی کی صلاحیت کو اجاگر کرنا ہے۔

