پاکستان اسٹاک مارکیٹ نے تاریخ رقم کر دی، کے ایس ای 100 انڈیکس 1 لاکھ 79 ہزار پوائنٹس سے تجاوز
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس کے ایک لاکھ 79 ہزار پوائنٹس کی تاریخی سطح عبور کرنے پر گہرے اطمینان اور مسرت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ اسٹاک مارکیٹ کا یہ ریکارڈ بزنس کمیونٹی اور سرمایہ کاروں کے حکومت کی معاشی پالیسیوں پر بڑھتے ہوئے اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملکی معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے اور ترقی کا یہ سفر حکومت کی معاشی ٹیم کی مسلسل محنت، اصلاحات اور درست فیصلوں کا نتیجہ ہے۔ ان کے مطابق سرمایہ کاری کے فروغ، مالی نظم و ضبط اور کاروبار دوست پالیسیوں کی بدولت مارکیٹ میں مثبت رجحان دیکھنے میں آ رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کاروباری برادری کو سہولیات فراہم کرنے، سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے اور معاشی اصلاحات کے عمل کو مزید تیز کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ وزیراعظم کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ تیزی مستقبل میں معاشی بہتری اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع کی نوید ہے۔

