قومی خبریں

جیل میں بیٹھی پی ٹی آئی قیادت کا ایک بار پھر مذاکرات کی خواہش باقاعدہ خط لکھ دیا

لاہور (پی کے نیوز)کوٹ لکھپت جیل میں قید پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے ایک بار پھر مذاکرات کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے سیاسی بحران کے حل کے لیے گفت و شنید کو واحد راستہ قرار دے دیا ہے۔

جیل میں قید پی ٹی آئی رہنماؤں نے اپنے وکیل کے ذریعے میڈیا کو ایک تحریری خط ارسال کیا ہے، جس پر شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چوہدری اور میاں محمودالرشید کے نام شامل ہیں۔

خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ تین سال اور آٹھ ماہ کے دوران پاکستان شدید سیاسی، معاشی اور آئینی بحرانوں کا شکار رہا ہے، اور ہر محب وطن شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر ملک کے مستقبل کے بارے میں سوچے اور پُرامن ذرائع اختیار کرے۔

پی ٹی آئی قیادت نے واضح کیا کہ کوٹ لکھپت جیل میں قید مرکزی رہنما اس بات پر متفق ہیں کہ ہر سطح پر مذاکرات ہی مسائل کا واحد حل ہیں، اور یہی راستہ پاکستان بالعموم اور تحریک انصاف کو بالخصوص موجودہ بحران سے نکال سکتا ہے۔

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے تحریک تحفظ آئین کو یہ ذمہ داری سونپی ہے کہ وہ قومی سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے ذریعے قابلِ عمل حل تلاش کریں۔ قیادت کے مطابق وسیع تر مشاورت ہی دراصل مذاکرات کا دروازہ کھولتی ہے۔

پی ٹی آئی رہنماؤں نے محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس سے توقع ظاہر کی ہے کہ وہ موجودہ حالات میں قوم کی رہنمائی کرتے ہوئے مفاہمت کے عمل کو آگے بڑھائیں گے۔

یہ خط پی ٹی آئی قیادت کی جانب سے وکیل رانا مدثر کے ذریعے بھجوایا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے