پی ٹی آئی کے پشاور جلسے میں کم حاضری پر ضلعی تنظیم کے 25 عہدیداروں کو شوکاز نوٹس
پشاور (پی کے نیوز)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے پشاور میں منعقدہ جلسے میں کارکنوں کی مطلوبہ تعداد نہ لانے پر پارٹی قیادت نے ضلعی تنظیم کے 25 اراکین کو شوکاز نوٹس جاری کر دیے ہیں۔
نوٹس کے متن کے مطابق متعلقہ عہدیدار پارٹی کارکنوں کو جلسہ گاہ تک پہنچانے میں ناکام رہے اور پارٹی کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل نہیں کیا گیا۔ قیادت کا مؤقف ہے کہ جلسے کی کامیابی کے لیے ضلعی سطح پر ذمہ داریاں واضح طور پر سونپی گئی تھیں۔
شو کاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ تمام متعلقہ عہدیداران تین روز کے اندر اپنی تحریری وضاحت جمع کروائیں۔ پارٹی ذرائع کے مطابق وضاحت تسلی بخش نہ ہونے کی صورت میں مزید تنظیمی کارروائی کا امکان ہے۔
پی ٹی آئی قیادت نے تنظیمی نظم و ضبط پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ سیاسی سرگرمیوں میں ذمہ داریوں کی ادائیگی میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

