پی ٹی آئی نہ معافی مانگ گی اور نہ مذکرات کریں گے شیخ وقاص اکرم
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش کو مسترد کر دیا ہے۔ پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما شیخ وقاص اکرم نے حکومت کے طرزِعمل کو سیاسی بے چینی اور فکری ناکامی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مذاکرات کی بات درحقیقت عوام کو گمراہ کرنے کی ایک کوشش ہے۔اپنے بیان میں شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی سے معافی مانگنے کا مطالبہ حکومتی گھبراہٹ کی واضح علامت ہے، جبکہ کسی بھی سیاسی عمل میں پیشگی شرائط عائد کرنا غیر سنجیدہ رویہ ظاہر کرتا ہے۔ ان کے مطابق حکومت کو بحرانوں کے حل کے لیے سنجیدہ اور باوقار مذاکرات کی ضرورت ہے، نہ کہ نمائشی اقدامات کی۔انہوں نے کہا کہ موجودہ سیاسی صورتحال میں حکومت کو تحریک تحفظ آئین پاکستان کے پلیٹ فارم سے بات چیت کرنی چاہیے، جبکہ محمود اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس جیسے سیاسی رہنماؤں سے رابطہ ایک بہتر راستہ ہو سکتا ہے۔شیخ وقاص اکرم نے واضح کیا کہ پاکستان تحریک انصاف کسی بھی صورت موجودہ حکومت کے ساتھ مذاکرات میں شریک نہیں ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی پیشکش تضادات سے بھرپور اور دوغلے پن کی عکاس ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے ایک بار پھر پی ٹی آئی کو مذاکرات کی دعوت دی تھی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی قیادت پہلے بھی بات چیت کی بات کرتی رہی ہے، تاہم مذاکرات صرف جائز مطالبات تک محدود ہوں گے اور کسی قسم کی بلیک میلنگ قبول نہیں کی جائے گی۔

