پنجاب میں ڈرائیونگ لائسنس کی عمر 18 سے کم کر کے 16 سال کرنے کی تجویز
لاہور (پی کے نیوز)پنجاب اسمبلی میں ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے مقررہ عمر کی حد میں کمی سے متعلق قرارداد جمع کروا دی گئی ہے۔اپوزیشن رکن اسمبلی شیخ امتیاز محمود کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ صوبے میں ڈرائیونگ لائسنس کے لیے عمر کی حد 18 سال سے کم کر کے 16 سال مقرر کی جائے۔قرارداد میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پاکستان بالخصوص پنجاب میں نوجوان آبادی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، اس لیے نوجوانوں کو معاشی سرگرمیوں میں شامل کرنے کے لیے ڈرائیونگ کی عمر میں نرمی ناگزیر ہے۔شیخ امتیاز محمود نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ کینیڈا کے بیشتر صوبوں میں 16 سال کی عمر میں ڈرائیونگ کی اجازت ہے جبکہ جرمنی میں 17 سال کی عمر میں لائسنس جاری کیا جاتا ہے، لہٰذا پاکستان میں بھی عمر کی حد کم کی جانی چاہیے۔دوسری جانب حالیہ دنوں حکومتِ پنجاب کے سوشل میڈیا پیج پر جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ 16 سالہ نوجوانوں کو موٹرسائیکل اور اسمارٹ کارڈ ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔پیغام میں مزید کہا گیا کہ ہیلمٹ نہ پہننے پر پہلی خلاف ورزی کی صورت میں وارننگ چالان جاری کیا جائے گا، جبکہ ٹریفک کی نگرانی کے لیے پہلی مرتبہ ڈرون اور باڈی کیم کا استعمال بھی شروع کر دیا گیا ہے۔حکومتِ پنجاب نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ بچوں کو روڈ سیفٹی اور ہیلمٹ کے استعمال کی اہمیت سے آگاہ کریں، جبکہ ٹریفک پولیس کو شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور عزت و احترام کے ساتھ پیش آنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

