پنجاب حکومت کا بسنت پر فری ٹرانسپورٹ دینے کا فیصلہ، لاہور میں اہم اجلاس
پنجاب حکومت نے لاہور میں بسنت کے موقع پر شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے اہم فیصلہ کر لیا ہے۔ بسنت سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 6، 7 اور 8 فروری کو لاہور بھر میں بسیں اور رکشے مفت چلائے جائیں گے۔صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ تین روزہ فری ٹرانسپورٹ سروس کا مقصد موٹرسائیکل کے استعمال میں کمی لانا اور ٹریفک حادثات کے خطرات کو کم کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بسنت کے دوران شہری بڑی تعداد میں گھروں سے باہر نکلتے ہیں، اس لیے محفوظ اور آسان سفری سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔عظمیٰ بخاری نے مزید بتایا کہ حکومت نے 30 دسمبر سے ڈور اور پتنگوں کی مینوفیکچرنگ کی اجازت دینے کا فیصلہ بھی کیا ہے، تاہم اس عمل کو سخت قوانین اور نگرانی کے تحت رکھا جائے گا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کی اولین ترجیح عوام کی جان و مال کا تحفظ ہے اور بسنت کے دوران تمام حفاظتی انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔

