“ایمرجنسی میں کون جواب دہ ہوگا؟ صوبائی وزیر صحت کا کھاریاں ہسپتال پر اچانک چھاپہ، افسران کی کلاس لے لی”
لاہور سے کھاریاں تک صحت کے نظام کو ہلا کر رکھ دینے والا دورہ اس وقت خبروں کی زینت بن گیا جب صوبائی وزیر صحت پنجاب خواجہ عمران نذیر نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کھاریاں کا اچانک معائنہ کیا۔ دورے کے دوران ہسپتال انتظامیہ کی غفلت کھل کر سامنے آ گئی، خاص طور پر ڈی ایم ایس کی غیر موجودگی پر صوبائی وزیر شدید برہم ہو گئے۔خواجہ عمران نذیر نے سخت لہجے میں سوال اٹھایا کہ اگر اس وقت کوئی ایمرجنسی ہو جائے تو اس کا ذمہ دار کون ہوگا؟ صوبائی وزیر نے فوری طور پر ایم ایس کو لاہور طلب کرتے ہوئے واضح کر دیا کہ عوام کی صحت پر کسی قسم کی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔وزیر صحت نے ہسپتال میں بلامعاوضہ ادویات کے اعلانات نہ ہونے پر بھی سخت ناراضی کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت عوام کو مفت علاج کی سہولت فراہم کر رہی ہے مگر انتظامیہ کی غفلت اس مشن کو نقصان پہنچا رہی ہے۔دورے کے دوران صوبائی وزیر نے مختلف وارڈز، فارمیسی اور ادویات کے اسٹاک کا تفصیلی جائزہ لیا جبکہ فرداً فرداً مریضوں کے پاس جا کر ان سے ادویات کی دستیابی اور علاج معالجے کے معیار سے متعلق براہِ راست استفسار بھی کیا۔خواجہ عمران نذیر نے دوٹوک ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام سرکاری ہسپتالوں میں 24 گھنٹے ڈاکٹرز کی دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے کیونکہ انسانی جانوں سے کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔

