قومی خبریں

راولپنڈی میں پانی کی قلت کو پورا کرنے کے لیے نیا ڈیم تیار کرنے کا فیصلہ

روالپنڈی (پی کے نیوز)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت پانی کی قلت پر قابو پانے کے لیے راولپنڈی میں ایک نئے ڈیم کی تعمیر کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ یہ ڈیم تحصیل گوجر خان میں تعمیر کیا جائے گا جس کا نام پری سیداں ڈیم رکھا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق اس منصوبے پر مجموعی لاگت کا تخمینہ 3 ارب 97 کروڑ 37 لاکھ 33 ہزار روپے لگایا گیا ہے۔ منصوبے کی منظوری پراونشل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (PDWP) نے اپنے 86ویں اجلاس میں دی، جبکہ اس کا ای ٹینڈر بھی جاری کر دیا گیا ہے۔پری سیداں ڈیم گوجر خان کی ریونیو اسٹیٹس درخالی کلاں، بیر ہتھیال اور دیوی میں تقریباً 7 ہزار 863 کنال 7 مرلہ اراضی پر تعمیر کیا جائے گا۔ ڈسٹرکٹ کلیکٹر راولپنڈی نے ڈیم سائٹ پر زمینوں کی خرید و فروخت روکنے کے لیے لینڈ ریونیو ایکٹ کے تحت سیکشن فور کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔حکام کے مطابق اس وقت راولپنڈی ڈویژن میں پانی ذخیرہ کرنے کے 11 مختلف ڈیم منصوبے زیر تعمیر ہیں، جن میں چہان، دادوچھا، مہوٹہ، مجاہد، پاپین اور مہرہ سہرا ڈیم ضلع راولپنڈی میں شامل ہیں، جبکہ پنڈوری ڈیم ضلع جہلم اور گھبیر، درابی، اٹھوال/لکھوال اور ٹمن ڈیم ضلع چکوال میں تعمیر کیے جا رہے ہیں۔ان تمام منصوبوں کا مجموعی قابلِ کاشت کمانڈ ایریا 79 ہزار 700 ایکڑ جبکہ پانی ذخیرہ کرنے کی مجموعی صلاحیت 3 لاکھ 87 ہزار 93 ایکڑ فٹ بتائی گئی ہے، جو خطے میں زرعی اور آبی ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے