قومی خبریں

اغواء کا ڈراپ سین، تین بچوں کے قتل کا انکشاف

سرائے عالمگیر(پی کے نیوز)سرائے عالمگیر کے تھانہ صدر کی حدود میں واقع نواحی گاؤں برنڈ سے اغواء ہونے والی خاتون سدرہ بی بی اور اس کے تین بچوں کا معاملہ انتہائی افسوسناک انجام تک پہنچ گیا۔ پولیس کے مطابق اغواء کی اطلاع ملتے ہی مدعی کی درخواست پر مقدمہ درج کرکے فوری طور پر تفتیش شروع کی گئی۔
دورانِ تفتیش پولیس نے جدید ٹیکنالوجی، ہیومن انٹیلی جنس اور دیگر دستیاب وسائل استعمال کرتے ہوئے مرکزی ملزم بابر حسین کو گرفتار کر لیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق ملزم نے تفتیش کے دوران چونکا دینے والا انکشاف کیا کہ اس نے سدرہ بی بی کے ساتھ مل کر تینوں معصوم بچوں کو آزاد کشمیر میں قتل کر دیا۔
ملزم کی نشاندہی پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے جائے وقوعہ سے تینوں بچوں کی لاشیں برآمد کر لیں۔ واقعے کے بعد فرانزک ٹیم اور کرائم سین یونٹ نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے تاکہ کیس کو مضبوط بنیادوں پر منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے۔
ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم سے تفتیش جدید اور سائنسی خطوط پر میرٹ کے مطابق جاری ہے جبکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔ اس دلخراش سانحے نے پورے علاقے میں خوف، غم اور شدید غصے کی لہر دوڑا دی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے