لاہور قلندر کے معروف کھلاڑی کے بھائی کا انتقال
زمبابوے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان سکندر رضا کے کمسن بھائی محمد مہدی انتقال کر گئے۔ زمبابوے کرکٹ نے افسوسناک خبر کی تصدیق کرتے ہوئے سکندر رضا اور ان کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
زمبابوے کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق محمد مہدی 29 دسمبر کو دارالحکومت ہرارے میں انتقال کر گئے۔ بیان میں بتایا گیا ہے کہ وہ پیدائشی طور پر ہیموفیلیا کے مرض میں مبتلا تھے اور حالیہ دنوں میں طبی پیچیدگیوں کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے۔
کرکٹ بورڈ نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ زمبابوے کرکٹ کی انتظامیہ، کھلاڑی اور اسٹاف اس مشکل گھڑی میں سکندر رضا اور ان کے خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
ادھر کرکٹ حلقوں اور دنیا بھر کے مداحوں کی جانب سے بھی سوشل میڈیا پر سکندر رضا کے بھائی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے، جبکہ شائقین کرکٹ نے مرحوم کے لیے دعائے مغفرت اور اہلِ خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔

