قومی خبریں

پاکستان میں کرپشن کے تاثر میں کمی، 66 فیصد شہریوں نے رشوت نہ دینے کی تصدیق ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل:

اسلام آباد (پی کے نیوز) ٹرانپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان نے اپنی نئی NCPS 2025 رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں کرپشن کے تاثر میں واضح کمی دیکھنے میں آئی ہے، جبکہ زیادہ تر شہریوں نے بتایا کہ انہیں کسی سرکاری کام کیلئے رشوت نہیں دینی پڑی۔رپورٹ کے مطابق 66 فیصد پاکستانیوں نے تصدیق کی کہ گزشتہ 12 ماہ میں انہیں کوئی رشوت نہیں دینا پڑی، جو شفافیت میں مجموعی بہتری کا عندیہ ہے۔ اسی طرح 60 فیصد شہریوں نے حکومت کی معاشی پالیسیوں، آئی ایم ایف معاہدے اور ایف اے ٹی ایف فہرست سے نکلنے کو ملکی معیشت کے استحکام کیلئے مثبت اقدامات قرار دیا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ پاکستان کی معیشت بتدریج کمزوری سے استحکام اور استحکام سے ترقی کی طرف بڑھ رہی ہے۔ 43 فیصد لوگوں نے قوتِ خرید میں بہتری جبکہ 57 فیصد نے کمی کی شکایت کی۔مزید یہ کہ 51 فیصد افراد چاہتے ہیں کہ ٹیکس چھوٹ حاصل کرنے والے این جی اوز، ہسپتال، لیبارٹریاں، اور تعلیمی ادارے عوام سے کوئی فیس وصول نہ کریں۔ جبکہ 53 فیصد کا مطالبہ ہے کہ ایسے ادارے اپنے ڈونرز اور عطیات کی تفصیلات عوام کے سامنے لائیں۔ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان کے مطابق یہ سروے 22 سے 29 ستمبر 2025 کے دوران کیا گیا، جس میں رواں سال 4000 افراد نے حصہ لیا، جو 2023 کے 1600 شرکا کے مقابلے میں کئی گنا اضافہ ہے۔ شرکا میں 55 فیصد مرد، 43 فیصد خواتین، جبکہ 2 فیصد خواجہ سرا شامل تھے۔ادارے نے واضح کیا کہ یہ سروے کرپشن کی اصل شرح ناپنے کے بجائے عوامی تاثر کو بیان کرتا ہے۔ تاثر کے مطابق بدعنوانی میں پولیس پہلے، ٹینڈر و پروکیورمنٹ دوسرے، عدلیہ تیسرے، بجلی و توانائی چوتھے، جبکہ صحت کا شعبہ پانچویں نمبر پر ہے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے