بین الاقوامی خبریں

افغانستان دہشتگردوں کے لیے جنت بن گیا — اقوام متحدہ کی تہلکہ خیز رپورٹ، عالمی سطح پر پاکستان کے مؤقف کی بڑی فتح

نیویارک:عالمی سطح پر ایک بار پھر پاکستان کا مؤقف درست ثابت ہو گیا۔ اقوام متحدہ کی تازہ اور تہلکہ خیز رپورٹ نے طالبان کے تمام دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے واضح طور پر اعلان کر دیا ہے کہ طالبان دورِ حکومت میں افغانستان دہشتگردوں کیلئے محفوظ پناہ گاہ بن چکا ہے۔اقوام متحدہ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ افغانستان کی سرزمین سے سرحد پار دہشتگردی نہ صرف خطے بلکہ عالمی امن کیلئے ایک سنگین اور بڑھتا ہوا خطرہ بن چکی ہے۔ رپورٹ کے مطابق طالبان کی جانب سے افغانستان میں دہشتگرد گروہوں کی عدم موجودگی کے دعوے ناقابلِ اعتبار اور زمینی حقائق کے برعکس ہیں۔رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ مختلف ممالک اور عالمی ادارے اس بات کی تصدیق کر چکے ہیں کہ افغانستان میں متعدد دہشتگرد تنظیمیں سرگرم عمل ہیں، جو خطے کے ممالک بالخصوص پاکستان کیلئے شدید خطرہ بن چکی ہیں۔اقوام متحدہ کے مطابق کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے افغان سرزمین استعمال کرتے ہوئے پاکستان میں درجنوں نہیں بلکہ سینکڑوں دہشتگرد حملے کیے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ سال 2025 کے دوران ٹی ٹی پی نے پاکستان میں تقریباً 600 دہشتگرد حملے کیے، تاہم پاکستانی سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد حملوں کو ناکام بنا دیا۔رپورٹ میں پاکستان کی انسداد دہشتگردی کی حکمت عملی اور سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کو مؤثر، منظم اور قابلِ ستائش قرار دیا گیا ہے، جبکہ اس کے برعکس افغان طالبان رجیم کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔اقوام متحدہ کی رپورٹ میں مزید انکشاف کیا گیا کہ طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد افغانستان میں بنیادی سہولیات، روزگار، معاشی اور سماجی نظام بری طرح متاثر ہو چکا ہے، جس کے باعث انتہاپسندی اور دہشتگرد گروہوں کو پنپنے کا موقع مل رہا ہے۔رپورٹ میں واضح مطالبہ کیا گیا ہے کہ افغان سرزمین کو دہشتگرد تنظیموں کیلئے محفوظ پناہ گاہ بننے سے فوری طور پر روکا جائے اور طالبان حکومت عالمی ذمہ داریوں کو پورا کرتے ہوئے سرحد پار دہشتگردی کا خاتمہ کرے۔سفارتی ماہرین کے مطابق یہ رپورٹ پاکستان کیلئے ایک بڑی سفارتی فتح ہے جو عالمی فورمز پر پاکستان کے مؤقف کو مضبوط اور ناقابلِ تردید بنا دیتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے