خیبرپختونخوا کے وزرا کی بدزبانی اور برے رویے کو برداشت کیا عظمیٰ بخاری
لاہور (پی کے نیوز)پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے خیبرپختونخوا کے وزراء کی جانب سے غیر مناسب زبان اور رویے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے ہمیشہ تحمل اور برداشت کا مظاہرہ کیا ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ پنجاب کے مہمان ہیں، تاہم پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کے دوران بعض رہنماؤں کا طرزِ گفتگو انتہائی افسوسناک رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ زبان کا درست استعمال انسان کی تربیت کا آئینہ دار ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف مخالفانہ تنقید کو نظرانداز کرتے ہوئے صوبے کے عوام کی فلاح کے لیے دن رات مصروف عمل ہیں۔ تعلیم، صحت، صفائی، امن و امان اور زرعی شعبے میں نمایاں اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں۔
عظمیٰ بخاری کے مطابق ستھرا پنجاب پروگرام کو بین الاقوامی سطح پر سراہا جا رہا ہے جبکہ اپنا گھر اپنی چھت پروگرام کے تحت ہزاروں گھر مکمل اور زیر تعمیر ہیں۔ امن و امان کی بہتری کے لیے جدید ٹیکنالوجی، ڈرونز اور ڈیجیٹل نگرانی کا نظام متعارف کرایا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسان کارڈ کے ذریعے اربوں روپے کی معاونت کی گئی، طلبہ کو الیکٹرک بائیکس فراہم کی گئیں اور یہ تمام اقدامات عوامی فلاح کے لیے ایک مضبوط بنیاد ثابت ہوں گے۔

