یونیورسٹی آف لندن دنیا کی قیادت ساز فیکٹری، پاکستانی طلبہ عالمی منظرنامے پر چھا گئے — یوسف رضا گیلانی
چیئرمین سینیٹ اور قائم مقام صدر مملکت یوسف رضا گیلانی نے یونیورسٹی آف لندن میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ یونیورسٹی آف لندن کا شمار دنیا کے ممتاز اور تاریخی تعلیمی اداروں میں ہوتا ہے، جس نے عالمی ترقی اور انسانی فکری ارتقاء میں نمایاں کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس جامعہ کے طلبہ آج دنیا بھر میں نمایاں خدمات سرانجام دے رہے ہیں جبکہ ہزاروں پاکستانی طلبہ بھی اس ادارے سے مستفید ہو رہے ہیں۔یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ عالمی معیار کی تعلیم تک رسائی نوجوان نسل کا بنیادی حق ہے اور تعلیمی شراکت دار سیکھنے کے مواقع کو جمہوری بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی تعلیمی تعاون پاکستان کو عالمی مسابقت کے قابل بنا رہا ہے اور تعلیم میں یونیورسٹی آف لندن کا کردار قابلِ تحسین ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان قومی ترقی کے ایک اہم مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور حکومت نے قومی تعلیمی ایمرجنسی کا اعلان کیا ہے جو جرات مندانہ اصلاحات کی عکاس ہے۔ حکومت تعلیم میں شمولیت، معیار اور نظام کی مضبوطی کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیمی محرومی کا سب سے زیادہ اثر لڑکیوں اور پسماندہ علاقوں پر پڑتا ہے، جس کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ممتاز پاکستانی شخصیات یونیورسٹی آف لندن کے سابق طلبہ میں شامل ہیں جو دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔

